سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی نے اپنے مشترکہ بیان میں سیکریٹری داخلہ، پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ کے حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ہائوس میں پولیس گردی کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار عمران خان اور وزیرداخلہ ہوں گے، سیکریٹری داخلہ، پولیس اور انتظامیہ کے حکام کوخبردار کرتے ہیں کہ کسی سیاسی عمل کا حصہ نہ بنیں۔
رہنمائوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے آئینی عمل میں پولیس اور انتظامیہ فریق بنی تو یہ آئین شکنی ہوگی، آئین شکنی کرنے، ان کی مدد کرنے والوں کو سزا کے لئے تیار رہنا ہوگا، ارکان قومی اسمبلی کے خلاف پولیس گردی پارلیمنٹ پر حملہ تصور ہوگا، پارلیمنٹ لاجز والی حرکت سندھ ہائوس میں دہرائی گئی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
تینوں سابق وزرائے اعظم نے کہا کہ عمران خان 172 ارکان لا نہیں پا رہے اور پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے ان کے اغوا کی تیاری کررہے ہیں، اوچھے ہتھکنڈے اعلان ہیں کہ عمران خان اکثریت اور ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، نہیں چھوڑوں گا کہنے والے کو سب چھوڑ کر جارہے ہیں اور کوئی اس کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں۔
رہنمائوں نے مزید کہا کہ آئین کے راستے پر چلتے ارکان پارلیمان کے خلاف آئین شکنوں کا حملہ دہشت گردی اور لاقانونیت ہوگی، پولیس گردی ، آئین شکنی پر سپیکر قومی اسمبلی کی لاتعلقی، مجرمانہ خاموشی ثبوت ہے کہ وہ آئین کے بجائے پارٹی لیڈرکے تابع ہیں، آئین، جمہوریت اور پارلیمان پر حملہ کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔