پاکستان اورسپین کے تجارتی حجم میں اضافہ خوش آئند ہے۔ مریم نواز

پاکستان اورسپین کے تجارتی حجم میں اضافہ خوش آئند ہے۔ مریم نواز
کیپشن: The increase in trade volume between Pakistan and Spain is welcome. Maryam Nawaz

ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپین کے سفیر جوزانتونیو ڈی اوری اوراعزازی قونصل برائے سپین جلال صلاح الدین نے ملاقات کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں پنجاب اور سپین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کاوشوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔ انفراسٹرکچر،قابل تجدید توانائی، لائیوسٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کے امکانات بھی زیر غورآئے۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کاروبار کی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے پائیدار حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ 

ہسپانوی سفیر جوزانتونیو ڈی اوری نے پنجاب میں مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سپین کی بزنس کمیونٹی کیلئے ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، زراعت اور لائیو سٹاک میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔ 

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سپین کے تجارتی حجم میں اضافے کا رحجان خوش آئند ہے۔ پنجاب حکومت سپین کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی حجم میں مزید اضافے کی خواہش مند ہے۔ 

سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب سمیت  دیگرحکام بھی موقع پر موجود تھے۔