ایک نیوز :مسلم لیگ ن نے بجٹ پر حکمران اتحاد میں شامل اہم جماعت پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
دونوں اتحادی جماعتوں کے وزراء پر مشتمل وفود کے مذاکرات آج وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی شرکت کا بھی امکان ہے۔
مذاکرات میں سندھ حکومت کو سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے فنڈز فراہمی پرگفتگو ہوگی۔ سندھ حکومت نے وفاقی بجٹ کی حمایت میں ووٹ ڈالنا سیلاب زدگان کیلئے بجٹ مختص کرنے سے مشروط کر رکھا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سوات میں ایک جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے مناسب فنڈ نہیں رکھے، وفاقی بجٹ میں پیپلزپارٹی کی کم تجاویز شامل کی گئیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی نیت پرشک نہیں ہے مگر وزیراعظم کی ٹیم کے کچھ لوگ وعدے پورے کرنے سے روک رہے ہیں۔
اس سے قبل وفاقی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے قانون سازوں نے سندھ حکومت کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے وعدے کے مطابق فنڈز فراہم نہ کرنے اور ٹیکس میں صوبے کے حصے کی رقم سے انکار کرنے پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اپنی تقاریر میں مسلم لیگ (ن) پر غریبوں کو ریلیف دینے، قیمتوں میں کمی اور توانائی کے بحران کے حل کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنے کا الزام لگایا اور ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے ابہام پر تشویش کا اظہار کیا۔