ایک نیوز :قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نائب کپتان بنانے کا مشورہ دے دیا۔
سابق کپتان راشد لطیف کاکہناہے کہ سری لنکا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کیلئے سرفراز احمد کو محمد رضوان کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا جانا چاہیے تھا، وہ تجربے اور کارکردگی میں ان سے کہیں زیادہ موزوں ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد رضوان اچھی فارم میں نہیں ہیں، سرفراز احمد نے جس انداز میں قومی ٹیم میں واپسی کی ہے وہ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، سرفراز کی کارکردگی کی بنا پر انہیں پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔
راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ سرفراز کی نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے رضوان کو نائب کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ جائز نہیں، اگر کوئی ٹیسٹ میں قائدانہ کردار کا مستحق ہے تو وہ شخص سرفراز ہے اور کوئی نہیں۔