ایک نیوز: لاہور پولیس نے رہائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کےسربراہ سے ملنے والے 27 کارکنوں کودوبارہ گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کےمختلف اضلاع سے پی ٹی آئی کارکن جیلوں سے رہائی کے بعد چیئرمین سے ملنے زمان پارک پہنچے تھے۔کارکن ملاقات کے بعد واپس جانے لگے تو مختلف علاقوں میں لگے ناکوں پر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔فہرست کے مطابق گرفتار کارکنوں میں زیادہ تر کا تعلق ضلع قصور،لاہور، گوجرانوالا اور سرگودھا سے ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار کارکنوں کو ابھی تک کسی مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں لاہور ہائیکورٹ نے لاہور سمیت پنجاب کے 11 اضلاع میں پاکستان تحریک انصاف کےکارکنوں کی نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام افرادکو فوری طور پر رہا کرنےکا حکم دیا تھا۔
جسٹس صفدر سلیم شاہد نے درخواستوں پر 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی تحریک انصاف کے کارکنوں سمیت 30 نظربند شہریوں کو مختلف جیلوں سے رہا کردیا۔