ایک نیوز : بھارتی وزیر اعظم مودی کے دورہ امریکہ کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں نے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کے دورہ امریکہ کے خلاف انڈین امریکن مسلم کونسل سمیت دیگر تنظیموں نے 22 جون کو وائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھارتی مظالم پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی۔ پالیسی سازوں، صحافیوں اور تجزیہ کاروں کو بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا جائے گا۔دستاویزی فلم میں سال 2002 میں گجرات میں سیکڑوں مسلمانوں کے قتل عام پر سوال اٹھایا گیا ہے۔
اس موقع پر ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا ڈویژن کی ڈائریکٹر ایلین پیئرسن نے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط بھی لکھ دیا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ مودی کے دورہ امریکہ کے دوران بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کا مسئلہ اٹھایا جائے۔