ایک نیوز:کیمرا ہے یا بندوق؟انسان ایجادات کا دلچسپ انداز میں استعمال اس طرح بھی کرسکتا ہے جسے دیکھ کر ہر کوئی یہ کہنے پر مجبور ہوجائے کہ یہ تو میرے تصور میں بھی نہیں تھا۔
اسٹاک کیم کیمرا کیج ایسے فوٹوگرافر کےلیے بنایا گیا ہے جنہیں بدلتے مقامات سے فوٹوگرافی میں استعمال ہونے والی مختلف ایسیسریز کے ساتھ مستحکم پوزیشن اور کیمرا ہینڈلنگ کی ضرورت ہوتی ہے۔
یہ کیمرا کیج کوئی معمولی کیج نہیں، یہ رائفل کی طرح ناصرف نظر آتا ہے بلکہ اسی کی طرح استعمال بھی ہوتا ہے۔ یہ ناہموار سطح پر بھی فوٹوگرافر کو مستحکم پوزیشن میں رہ کر تصویر لینے میں مدد کرتا ہے۔
اگر آپ کو فوٹوگرافی کرنے اور بندوق رکھنے کا شوق ہے تو یہ کیج آپ کے دونوں شوق پورے کردے گا۔
اس گن نما کیج میں تصویر لینے کےلیے ٹریگر کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ اس کے ساتھ لاک بھی موجود ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ٹریگر غلطی سے دب نہ جائے۔
اس کے دستے کو کندھے پر رکھ کر گن کی طرح ہی استعمال کیا جاتا ہے جبکہ فوٹوگرافر تصویر کے درست زاویے کےلیے کیمرے کی اسکرین میں اسی طرح دیکھتا ہے جیسے نشانے باز بندوق کے اسکوپ میں اپنا نشانہ باندھتا ہے، ٹریگر دباتا ہے اور تصویر محفوظ ہوجاتی ہے۔