پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق مشکل مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اور ہم نے 34 میں سے 32 نکات مکمل کیے تھے اور حکومت جانے سے دو ماہ پہلے بقیہ دو نکات کی بھی رپورٹ جمع کروا دی تھی۔ تمام اداروں کی نمائندگی فیٹف کوآرڈینیشن کمیٹی میں تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے فنانشل یونٹ کو اپ گریڈ کیا گیا اور بارڈرز پر کرنسی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ امکان تھا ہمیں بلیک لسٹ میں ڈال دیا جائے گا لیکن فیٹف کوآرڈینیشن کمیٹی نے دن رات کام کیا۔ ہمیں ہائی رسک اٹنری میں رکھا گیا تھا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ خوشی کی بات ہے ہم 34 نکات پر پورے اترے ہیں اور دعوے سے کہتا ہوں فیٹف پر دنیا میں سب سے بہترین کام پاکستان میں ہوا۔ پی ٹی آئی حکومت نے درجنوں قوانین منظور کروائے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ہمارے کرنسی کے اعتراضات پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔ پاکستان کے لیے آج خوشی کا دن ہے۔ بہت سارے بے نامی اکاؤنٹس پکڑے گئے اور قانونی سسٹم میں جو جدت آئی ہے اس کا پیغام پوری دنیا میں گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بھارت نے فیٹف پر سیاست کی اور منفی کردار ادا کیا۔ اب ہم نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق اقدامات کو جاری رکھنا ہے جبکہ منی لانڈرنگ کے خلاف سختی سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا اور ہم نے فیٹف کی مشکل شرائط پر بہترین انداز میں کام کیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا جان چکی ہمارا معاشی نظام اب عالمی معیار سے مطابقت رکھتا ہے اور گرے لسٹ سے نکلنے سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ جو ملک بلیک لسٹ میں ہوتے ہیں ان سے بینک کی ڈیلنگ مشکل ہوتی ہے اور اب ہمیں فیٹف کی ممبر شپ کی طرف جانا چاہیے۔