کورونا میں کمی کے بعد آن لائن فنڈز ٹرانسفر پر دوبارہ فیس مقرر

Jun 18, 2021 | 17:20 PM

admin
کراچی: عوام کے لیے بری خبر آگئی ، کورونا کی صورتحال بہتر ہوتے ہی بینکوں میں آن لائن فنڈز ٹرانسفر پر دوبارہ فیس دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ ہو گیا۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد آن لائن رقم منتقلی پر دوبارہ فیس مقرر کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل نے کہا کہ کورونا سے پہلے کوئی بینک رقم منتقلی پر 100 روپے اورکوئی 400 روپے تک لیتا تھا لیکن کورونا کے دوران آن لائن رقم منتقلی پر چارجز ختم کردیے تھے تاہم کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد اب رقم کی منتقلی پر فیس مقرر کی گئی ہے۔

سیما کامل نے بتایا کہ ایک ماہ میں 25 ہزار روپے تک کی آن لائن ٹرانزیکشن مفت ہوگی اور 25 ہزار کے علاوہ مزید 10 ہزار کی ٹرانزیکشن کرنے پر 10 روپے چارج ہوں گے، اسی طرح ایک ماہ میں 50 ہزار کی ٹرانزیکشن پر 25 ہزار سے زائد اضافی 25 ہزار پر 25 روپے ادا کرنا ہوں گے جب کہ ایک ماہ میں بڑی ٹرانزیکشن پر زیادہ سے زیادہ 200 روپے چارج ہوں گے۔

ڈپٹی گورنر کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں 25 ہزار سے زائد کی آن لائن خریداری پر بھی ٹرانزیکشن چارجز فنڈز ٹرانسفر کے طریقہ کار کے تحت لگیں گے جب کہ یوٹیلیٹی بل کی آن لائن پے منٹ پر رقم منتقلی کے چارجز نہیں لگیں گے۔


مزیدخبریں