ایک نیوز:وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج سے حکومت کوکوئی خطرہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈ ہاک ججز کی تقرری ایسا معاملہ نہیں جس پر احتجاج کیا جاسکے، عدلیہ میں ایڈہاک ججوں کی تقرری پہلی مرتبہ نہیں ہورہی ، متعدد بار ایڈ ہاک ججز کی تقرری ہوئی ہے ، ایڈہاک ججوں کی تقرری پہلی مرتبہ ہورہی ہوتی تو اعتراض کی بات بھی بنتی تھی ، عدلیہ کی تاریخ میں بڑے بڑے نام ایڈہاک ججز بھی رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں ہر چیز ان کی مرضی کے مطابق ہو، تو یہ تو نہیں ہوسکتا، ایک وقت تھا وہ اپنی مرضی کے مطابق ہر چیز کرتے تھے، اس وقت دو چار بڑے گھمبیر مسائل ہمیں درپیش ہیں، 9 مئی کے اندوہناک واقعے کو سوا سال ہو گیا ہے،جس کا کوئی احتساب نہیں ہوسکا، معیشت بڑا مسئلہ ہے ، بجٹ کے بعد اشیاء کی قیمتیں بڑی ہیں ،مہنگائی ہمارے لیے اور عوام کے لیے تشویشناک بات ہے ،دہشتگردی ہمارا بہت بڑا مسئلہ ہے ، شہدا کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ،سیاستدان صرف سیاست سیاست کھیل رہے ہیں ۔
خواجہ محمد آصف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نہیں چاہتی کہ معیشت بحال ہو اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو، پی ٹی آئی والے دہشت گردی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لینا چاہتے ،خیبرپختونخوا میں شہادتیں ہوتی ہیں ، پی ٹی آئی کا کوئی بندہ جنازہ تک پڑھنے نہیں جاتا،یہ رویہ صحیح نہیں ہے، کل تک جو ایبسلوٹلی ناٹ تھا،اس ملک سے یہ اپنی ساری سیاست کنٹرول کررہے ہیں۔