ایک نیوز: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ڈکلیئر کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے، ہمارے ایم این ایز بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرعمرایوب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کسانوں کی کمر توڑ دی ہے، آج پھر گندم امپورٹ کرنے کے چکر میں ہے، اس حکومت کا ایک ہی کام ہے کمیشن لینا۔
عمر ایوب نے کہا کہ عوام کو معلوم ہے یہ حکومت کرپٹ ہے، یہ اقتدار میں صرف پیسے بنانے کے لیے آئے ہیں، انہوں نے ہمارے لیڈر کو جیل میں ڈالا مگر پارٹی نہیں ٹوٹی، ہمارا نشان چھینا گیا، پہلے سے زیادہ اکثریت سے جیتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج بھی جیل میں پولیس والے ہمیں ٹوک رہے تھے، بیٹوں سے بات کرنا بانی پی ٹی آئی کا قانونی حق ہے، جیلر بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہیں ہونے دے رہا۔
انہوں نے کہا کہ 4 جولائی کو ہمیں ملاقات نہیں کرنے دی گئی، بحیثیت اپوزیشن لیڈر میں نے تحریک استحقاق جمع کرا دی ہے، پی ٹی آئی ایک پارٹی ہے اور رہے گی۔