توشہ خانہ نیا کیس:عمران خان، بشریٰ بی بی کی گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

Jul 18, 2024 | 15:50 PM

ایک نیوز: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ نئے کیس میں گرفتاری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ کےنئے کیس میں گرفتاری غیرقانونی قرار دے کر رہا کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عِدت کے مقدمہ سے بری ہونے پر سیاسی انتقام کیلئے دوسرے جعلی مقدمہ میں بغیرجواز گرفتار کیا گیا، سیاسی مخالف وفاقی اور پنجاب حکومت عمران خان اور بشریٰ بی بی کو لمبے عرصے تک زیرحراست رکھنا چاہتے ہیں۔
دونوں ملزمان کو طلبی کے نوٹسز کے خلاف درخواستیں زیرسماعت ہونے کے دوران گرفتار کیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست زیرسماعت ہونے کے دوران گرفتاری بدنیتی کا ثبوت ہے،سیاسی مخالفین نیب کو مسلسل سیاسی انتقام کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔
 درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدالتیں اپنے فیصلوں میں زور دے چکیں کہ محض مقدمہ درج ہونے پر گرفتار نہیں کیا جا سکتا، آئندہ کسی بھی مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی اور بشرا بی بی کی گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ کی اجازت سے مشروط کی جائے۔
 درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری غیر قانونی قرار دے کر رہا کیا جائے۔

مزیدخبریں