ایڈہاک ججز آزاد عدلیہ کیلئے مضر ہیں:بیرسٹر گوہر

 ایڈہاک ججز آزاد عدلیہ کیلئے مضر ہیں:بیرسٹر گوہر
کیپشن: Ad hoc judges are harmful to independent judiciary: Barrister Gauhar

ایک نیوز:پاکستان تحریک انصا ف کےچیئرمین اور دیگر رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کی،گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ہمارے اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی ،آج فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ میں لگانے والے ایڈہاک 4ججز کو3سال کے لیے لانا بدنیتی پر مبنی ہے، ایڈہاک ججز آزاد عدلیہ کے لیے مضر ہیں ہم معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیج رہے ہیں ، ججز اس معاملے کو متنازع نہ بنائیں۔    
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی 70 فیصد پاکستانیوں کی ترجمان جماعت ہے، پی ٹی آئی محب وطن پارٹی تھی ہے اور رہے گی، 47 ایم این ایز نے اپنے حلف نامے جمع کروائے، ہم آج لسٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں گے ،باقی 3 اراکین بیرون ملک ہیں ان کے حلف نامے بھی کل تک جمع کروائیں گے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پچھلے دو سال میں یہ نظام بری طرح مینج ہوا ہے، حکمران ٹولہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ عوامی رائے کو کس طرح بدلہ جائے، پارٹی پر پابندی لگانے کی بات انتہائی بھونڈی حرکت ہوگی ، آئین و قانون کو جوتے کی نوک پر رکھا جا رہا ہے، اس طرح ملک آگے کسی صورت نہیں جاسکتا ،فیچ رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ حکومت 18 ماہ کی مہمان ہے۔    
عمر ایوب نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر فی الفور استعفا دیں،گزشتہ 2سال میں سسٹم بری طرح بے نقاب ہوا ہے، ایڈہاک ججز کوئی پارٹ ٹائم نہیں، 56 ہزار کیسز زیر التوا ہیں،4ججز لگانے سے یہ کیسز ختم نہیں ہونگے اس کا مقصد یہ ہے کہ اپنے ہم خیال ججز کو اپنے ساتھ لگایا جائے ،سیاسی ورکرز اور وکلاء برادری اس کو مسترد کرتی ہے،پی ٹی آئی کو کسی کا باپ بھی بین نہیں کر سکتا ہم پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہیں۔    
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حب الوطنی پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ہمارے اراکین اسمبلی کو جھوٹی ایف آئی آر میں اٹھا یاجارہا ہے، ایم این اے فیاض کے بیٹے اور بھائی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ،فیاض صاحب کی جانب سے اس کے باوجود حلف نامہ جمع کروایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شہریار آفریدی کے گھر پر بھی رات کے آخری پہر پولیس بھیجی گئی ،سیکرٹری نیشنل اسمبلی کو میں ہر ایک واقعہ سے آگاہ کرتا رہا ہوں، کسی اراکین اسمبلی کی گرفتاری سے پہلے اسمبلی کی اجازت نہیں لی گئی ،دہشتگردی کی لہر میں اضافہ ہورہاہے۔
عمران خان، بشری بی بی اور تمام اسیران کے خلاف کیسز بنائے گئے، ہم ان تمام بوگس کیسز کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ،بشری بی بی کا روبکار بھی جاری ہو گیا نیب ٹیم نے ان کو جھوٹے کیسز میں پھر گرفتار کیا، ایڈہاک ججز کے حوالے سے قاضی فائز عیسیٰ سے گزارش ہے یہ ججز ہمارے کیسز نہ سنیں    ۔
زرتاج گل نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی ایک دیوانے کا خواب ہے۔
  اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت انارکی کی صورتحال ہے، پاکستان کی سرزمین کو بے آئین بنا دیا گیا ہے، بندوق کے زور پر بدمعاشی کی جا رہی ہے،اگر تمہاری خواہش ہے جنگ کرنا تو یقین جانو ہم تم سے دو قدم آگے ہیں ،جی ڈی اے، جمعیت علمائے اسلام سے بھی رابطہ ہے، الائنس کو اس جولائی میں بڑا کریں گے۔