بی جے پی کی منظم ساز ش کا مقابلہ ،بھارت کی 26 سیاسی جماعتوں میں اتحاد

Jul 18, 2023 | 22:54 PM

ایک نیوز :بھارت کی 26سیاسی جماعتوں نے آئندہ انتخابات کے لیے انڈیا کے نام سے اتحاد بنانے کا اعلان کیا ہے۔
 رپورٹ کے مطابق بنگلورو میں بھارتی اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے اتحاد کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد کا بنیادی مقصد مل کر بھارت میں جمہوریت اور آئین کا تحفظ کرنا ہے۔

  انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس کے نام سے بنائے گئے اس اتحاد کا مخفف انڈیاہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا کے نام سے اتحاد بنانے کو بھارت میں وزیرِاعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قوم پرستانہ ایجنڈے کے مقابلے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

بنگلور میں اتحاد کی تشکیل کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا اجلاس تھا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ پندرہ جماعتوں نے بی جے پی کے خلاف ایک پلیٹ فورم پر جمع ہونے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

’انڈیا کے نام سے بنے والے اتحاد میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت انڈین نیشنل کانگریس، آل انڈیا ترنمول کانگریس، عام آدمی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل، جنتا دل، سماج وادی پارٹی سمیت قومی اور علاقائی پارٹیاں شامل ہیں۔

’رائٹرزکے مطابق انڈیا اتحاد میں شامل کئی جماعتیں علاقائی سیاست میں ایک دوسرے کی مقابل ہیں۔ تاہم رواں برس مارچ میں ہتک عزت کے ایک مقدمے میں کانگریس رہنما راہل گاندھی کی نااہلی کے بعد انہوں نے بی جے پی کے مقابلے کے لیے یکجا ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ 2019 کے عام انتخابات میں بی جے پی نے بھارت کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کی 543 نشستوں میں 300 سے زائد نشستیں حاصل کی تھیں۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اتحاد نے اپنے پہلے بیان میں بھارت میں بے روز گاری اور مہنگائی پر قابو پانے کے اہداف کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا اور بھارتی شہریوں کو دبانے، ہدف بنانے اور جبر کا نشانہ بنانے کی بی جے پی کی منظم ساز ش کا مقابلہ کرے گی۔

اپوزیشن اتحاد کے اجلاس سے خطاب میں مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ اور دائیں بازو کی سیاسی جماعت آل انڈیا ترنمول پارٹی کی سربراہ ممتا بینر جی نے کہا کہ آج سے بی جے پی کے لیے حقیقی چیلنج پیدا ہو گیا ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بنگلور میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے لیے اجلاس ایسے وقت میں ہوا جب دہلی میں حکومتی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی میٹنگ جاری تھی۔ بی جے پی کی زیرِ سربراہی حکومتی اتحاد میں 38 سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کرپٹ اور موقع پرست سیاسی عناصر کا گٹھ جوڑ قرار دیا ہے۔

مزیدخبریں