ایک نیوز :دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان بدستور فہرست میں آخری نمبر پر براجمان ہے فہرست میں پاکستان کا 100 واں نمبرہے ۔
تفصیلات کےمطابق فہرست ہینلے اینڈ پارٹنرز نے 2023 کی تیسری سہ ماہی کے حوالے سے جاری کی ہے۔جولائی سے ستمبر 2023 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں سنگاپور نے جاپان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے، ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ فہرست میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ جاپان کو نمبرون پوزیشن سے محروم ہونا پڑا ہے۔
فہرست کے تحت سنگاپور کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری 193 ممالک کا ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں، جس کے بعد جرمنی، اٹلی اور اسپین کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں جن کے حامل افراد کو 190 ممالک میں ویزہ فری رسائی ملتی ہے۔
جاپان، جنوبی کوریا، سویڈن، لگسمبرگ، فرانس، فن لینڈ اور آسٹریا کے پاسپورٹس کے حامل افراد 189 ممالک میں ویزے کے بغیر داخل ہو سکتے ہیں اور اس طرح ان کے پاسپورٹس تیسرے نمبر پر ہیں۔
ڈنمارک، آئرلینڈ، برطانیہ اور نیدر لینڈز کے پاسپورٹس کے حامل افراد 188 ممالک میں ویزے کے بنا داخل ہو سکتے ہیں اور اس طرح ان ممالک کے پاسپورٹس کا چوتھا نمبر ہے۔
بیلجیئم، پرتگال، ناروے، سوئٹزر لینڈ، چیک ریپبلک، مالٹا اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر ہیں، ان ممالک کے شہریوں کو 187 ممالک میں جانے کے لیے پہلے سے ویزہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ فہرست کے تحت پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے جس کا نمبر 100 واں ہے اور اس کے شہری 33 ممالک میں ویزے کے بنا جا سکتے ہیں ،جاری کردہ فہرست کے تحت پاکستان کے بعد شام (101)، عراق102) اور افغانستان 103) کے نام آتے ہیں۔