ایک نیوز :ڈی جی نادرا لاہور ریجن ابراراحمد خان کاکہنا ہے کہ لاہور ریجن کے 8اضلاع میں 4میگا سنٹرزسمیت72نادرامراکز اور 37موبائل وینز عوام الناس کو قومی رجسٹریشن کی سہولیات دہلیز پر فراہمی کیلئے شب و روز کام کررہے ہیں۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈرجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ڈائریکٹر جنرل لاہورریجن ابراراحمد خان نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور معروف صنعتکارکاشف انور کی خصوصی دعوت پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا دورہ کیا جہاں صدرلاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور اور سینئرنائب صدر ظفر محمود چودھری نے درجنوں ممبران کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈی جی نادرا،لاہور ریجن ابرار احمد خان کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔
ڈی جی نادرا لاہور ریجن ابراراحمد خان نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ممبران صنعتکاروں اور تاجربرادری کے ساتھ ایک میٹنگ میں نادرا لاہور ریجن کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈی جی نادرا لاہور ریجن ابراراحمد خان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے تحت چیئرمین نادرا اسد رحمان گیلانی کی خصوصی ہدایات پر محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے تعاون سے عوام الناس کی سہولت کیلئے ہر تحصیل ہیڈکوارٹر کے نادرا مراکز میں خصوصی پاسپورٹ کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں تاکہ عوام کو ایک ہی چھت تلے شناختی کارڈ کے ساتھ پاسپورٹ بنوانے کی سہولت میسر آسکے۔
ڈی جی نادرا لاہور ریجن نے صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کاشف انورودیگر ممبران کے ہمراہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے مختلف شعبوں اور وہاں قائم نادرا،پاسپورٹ،ڈرائیونگ لائسنس کے سرکاری دفاتر کا جائزہ لیا۔
ڈی جی نادرا لاہور ریجن ابراراحمد خان نے لاہور چیمبر میں قائم نادرا سنٹر میں عوام کی خدمت میں مصروف نادراسٹاف کی کارکردگی کابھی جائزہ لیا اورانہیں مزید تندہی اور خوش اسلوبی کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔