آئی فون 15 کے تمام ماڈلز کا ڈیزائن سامنے آگیا

آئی فون 15 کے تمام ماڈلز کا ڈیزائن سامنے آگیا

 ایک نیوز: آئی فون 15 سیریز کو متعارف کرانے کی تاریخ قریب آتی جا رہی ہے ایسے ہی اس سیریز کے فونز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اب چاروں ماڈلز کے فرنٹ گلاس پینل اور اسکرین پروٹیکٹر کی تصویر سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس تصویر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس سال کے آئی فونز کا ڈیزائن گزشتہ سال کے ماڈلز کے مقابلے میں نمایاں حد تک مختلف ہوگا۔ٹوئٹر پر ایک صارف نے اس تصویر کو پوسٹ کیا جس سے چاروں ماڈلز کے فرنٹ ڈیزائن کا عندیہ ملتا ہے۔

اس لیک سے سابقہ رپورٹس کو تقویت ملتی ہے جس کے مطابق آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز کے ڈسپلے میں نوچ ڈیزائن کا استعمال نہیں کیا جائے گا بلکہ آئی لینڈ ڈیزائن کو اپنایا جائے گا۔آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس میں اس سے قبل آئی لینڈ ڈیزائن فرنٹ کیمرے کے لیے استعمال کیا گیا تھا جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں نوچ ڈیزائن موجود تھا۔

آئی فون 15، آئی پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس کے گلاس پینلز اور اسکرین پروٹیکٹر کی تصویر سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ پرو ماڈلز میں اسکرین کے گرد پٹیاں یا بیزل بہت پتلے ہوں گے۔ ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔ آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔اس نئی تصویر سے اس لیک کی تصدیق ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس  کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔

یپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے۔یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔