ایک نیوز: قومی اور سندھ اسمبلی کی تحلیل کے لیے ممکنہ تاریخ سامنے آگئی ہے۔ جس کے حوالے سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں اتفاق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے معاملات طے پا گئے۔ قومی اسمبلی معینہ آئینی مدت سے پانچ روز قبل تحلیل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ اس طرح قومی اسمبلی 8 اگست کو تحلیل کردی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق صدر مملکت کے پاس اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کے لیے اڑتالیس گھنٹے کا وقت ہوگا۔ صدر نے دستختط نہ کیے تو اسمبلی سمری بھجوانے کے 48 گھنٹے بعد خود بخود تحلیل ہو جائے گی۔ پیپلز پارٹی اور قانونی ماہرین نے بھی آٹھ اگست کو اسمبلی کی تحلیل کی تجویز دی تھی۔
قبل ازوقت قومی اسمبلی تحلیل: مریم اورنگزیب کی تردید
قبل از وقت اسمبلی تحلیل کی خبروں کی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تردید کر دی۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا قومی اسمبلی قبل از وقت تحلیل کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ٹی وی چینلز پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
یاد رہے کہ قبل از وقت اسمبلی کی تحلیل سے انتخابات تین ماہ بعد ہونے ہیں۔
سندھ اسمبلی 8 اگست کو تحلیل کرنے کا امکان:
ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی بھی 8 اگست کو تحلیل کیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے 7 اگست تک رواں اسمبلی مدت کے کام مکمل کیے جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ذرائع سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ سیکرٹری اسمبلی کو اہم ہدایات مل گئی ہیں۔ سندھ اسمبلی کا الوداعی اجلاس اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگا۔ سات اگست تک اراکین صوبائی اسمبلی کا فائنل فوٹو سیشن ہوگا اور تمام ارکان کو کارکردگی سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے۔