ایک نیوز : تائیوان میں اپنی ناراض بیوی کو واپس لانے کی غرض سے ان کے فیس بک اکاؤنٹ میں لاگ ان کرنے پر ایک شخص کو تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ایک مقامی عدالت نے اس شخص کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی بیوی کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا اور تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔ مقامی میڈیا کے ذریعے اس شخص کی شناخت ہوؤ کے طور پر کی گئی۔
تائپے ٹائمز کے مطابق اس جوڑے کے درمیان گذشتہ سال مئی میں جھگڑا ہوا تھا۔ اس کے بعد ان کی بیوی جزیرے کے جنوب مغرب میں واقع چیائی شہر میں اپنے گھر سے چلی گئیں اور اپنی نوجوان بیٹی کو بھی ساتھ لے گئیں۔
خاتون کی شناخت مس یو کے نام سے ہوئی، جنہوں نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کی کال اٹھانے سے انکار کر دیا اور تنازع کے بعد تمام رابطے منقطع کر دیے۔
اس کے بعد شوہر نے اپنی بیٹی اور ساس کو پیغام بھیجنے کے لیے اپنی بیوی کا فیس بک اکاؤنٹ ’ہیک‘ کیا۔ اپنی اہلیہ کا فیس بک اکاؤنٹ استعمال کرتے ہوئے بھیجے گئے اس پیغام میں انہوں نے اپنے رویے پر معافی مانگی اور اپنی ساس اور بیٹی سے کہا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں۔
تائپے کی عدالت کو بتایا گیا کہ اس شخص نے اپنی بیٹی اور ساس سے رابطہ کرنے کے لیے گذشتہ سال 31 مئی اور یکم جون کو اپنی بیوی کے فیس بک اکاؤنٹ میں دو بار لاگ ان کیا تھا۔
ان کی بیٹی کی عمر واضح نہیں ہے۔ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس شخص نے اپنی بیوی کا اکاؤنٹ کیوں استعمال کیا۔
اپنی پرائیویسی کی خلاف ورزی کے بارے میں جاننے کے بعد، مس یو نے مبینہ طور پر ہوؤ کے خلاف فوجداری الزامات دائر کیے۔