ایک نیوز: تنخواہوں میں اضافہ کے مطالبات منظور نہ ہونے پر سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے دوبارہ احتجاجی مظاہروں کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے ٹیلیفون کے باوجود پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے مطالبات نظر اندازکردئیے ہیں۔پنجاب حکومت نے ابتدائی تنخواہ پر 30 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے ہوگا۔ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 5 فیصد اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے،80 سال سے زائد عمر کے پنشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافہ ہوگا۔پنشنرز کی پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے ہوگا۔
مرکزی و صوبائی صدر ایپکا پاکستان حاجی محمد ارشاد نے پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کو مسترد کر دیا. سرکاری ملازمین نے سول سیکریٹیریٹ سامنے احتجاجی مظاہرہ میں نوٹیفکیشن نذر آتش کر دیا۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-18/news-1689674202-1939.mp4
پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین کو موجودہ تنخواہ پر اضافے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی،مشیر وزیر اعظم ملک احمد خان نے سرکاری ملازمین کو مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کروائی تھی۔
یاد رہے کہ شہباز شریف نے پنجاب کی نگران حکومت کو سرکاری ملازمین کی تںخواہ اور پنشن میں وفاق کےملازمین کے برابر اضافہ کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تنخواہوں کے معاملے کو دوبارہ کابینہ میں لے جانے کی یقین دہانی کرائی۔