ایک نیوز: پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اور نجی فرم ایئر لنک کمیونی کیشن نے معروف کمپنی شیل پاکستان کے حصص حاصل کرنے کے لیے اکٹھے ہونےکا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیل پاکستان لمیٹڈ نے اعلان کیا تھا کہ اس کی پیرنٹ کمپنی شیل پیٹرولیم مقامی کاروبار میں اپنے 77.42 فی صد حصص کی فروخت کے ساتھ پاکستان سے باہر نکل جائے گی۔ شیل نے یہ فیصلہ 2022 میں شرح تبادلہ، پاکستانی روپے کی قدر میں بڑے پیمانے پر کمی اور واجب الادا وصولیوں کی وجہ سے نقصانات کا سامنا کرنے کے بعد کیا پاکستان کو شدید مالی بحران اور معاشی سست روی کا سامنا ہے۔ سہ ماہی کے مالیاتی گوشواروں کے مطابق کمپنی پاکستانی حکومت کے ذمے واجب الادا پانچ ارب 33 کروڑ 10 لاکھ روپے کی وراثتی وصولیوں کا بوجھ برداشت کر رہی ہے۔
شیل پیٹرولیم کمپنی نے پاکستان میں اپنے حصص فروخت کرنے کے عمل کا آغاز کیا تھا، جس میں ایس پی ایل کے تمام ڈاؤن اسٹریم کاروبار اور ایس پی ایل کی پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ کی 26 فی صد ملکیت بھی شامل ہے۔ایئر لنک اور پی آر ایل نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو ایک نوٹس کے ذریعے شیل پاکستان کے حصص حاصل کرنے کے ارادے کا اعلان کیا ہے۔
نیکسٹ کیپٹل لمیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اور ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کی جانب سے شیل کے 77.42 فی صد حصص اور کنٹرول حاصل کرنے کاارادہ رکھتے ہیں،
اسٹاک فائلنگ ریکارڈ کے مطابق پی ایس او کے پاس پاکستان ریفائنری لیمٹڈ کے 63.56 فی صد حصص ہیں جبکہ حکومت پاکستان کے پاس براہ راست پی ایس او کے 22.47 فی صد حصص ہیں۔ایئر لنک کمیونی کیشن بنیادی طور پر اسمارٹ فونز کی تقسیم،مینوفیکچرنگ اور ان کے خوردہ انتظام پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔
اسٹاک فائلنگ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق شیل اپنے ساڑھے سولہ کروڑسات لاکھ حصص فروخت کرے گا جن کی مالیت کا تخمینہ 19 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ شیل پاکستان کے حصص کی قیمت میں4.75 روپے فی صد کا اضافہ ہوا تھا۔نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سےاس پیش کش پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔