محرم الحرام کی آمد، سکیورٹی پلان تیار

Jul 18, 2023 | 11:12 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: محرم الحرام کی آمد،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی سربراہی میں پنجاب میں سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔

تفصیلات  کے مطابق  محرم الحرام کے دوران مجالس  جلوسوں کے پر امن انعقاد کے لئے پولیس ہائی الرٹ رہے گی،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہےکہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 37376 مجالس،9351 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 02 لاکھ سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔ لاہور میں  مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کے فرائض 13 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سر انجام دیں گے۔کمیونٹی رضا کار بھی پولیس کے شانہ بشانہ عزاداروں کی شناخت اور چیکنگ کے فرائض انجام دیں گے۔سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز  محرم سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے  فرائض ادا کریں گی۔

آئی جی پنجاب نےآر پی اوز،سی پی اوز اور  ڈی پی اوز کو سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت  کی ہے۔ آئی جی پنجاب  کا کہنا ہےکہ اے کیٹیگری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی چیکنگ کیلئے سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔حساس جلوسوں  اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے،  واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت دیگر جدید آلات و ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، فلیگ مارچ کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران شیعہ کمیونٹی لیڈرز، علما کرام، عمائدین، مجالس و جلوس لائسنس ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔محرم جلوسوں اور مجالس کے پر امن انعقاد اور ٹریفک کی ہموار روانی برقرار رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت انتظامات کئے جائیں۔لاہور سمیت تمام اضلاع میں محرم سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول رومز بنائے گئے ہیں۔محرم سکیورٹی پر تعینات اہلکار جذبہ خدمت اور جہاد کے تحت ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کریں۔ 

مزیدخبریں