ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کا کہنا ہے کہ ہم سے ایم کیو ایم نے کہا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سےچھوڑ رہے ہیں، اب کیا ہوا، کیا مہنگائی کم ہوگئی؟
تفصیلات کے مطابق علی زیدی نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کیا ایم کیو ایم کے دفاتر کھلے، گورنر اور ایڈمنسٹریٹرز لگائے گئے، کارکن واپس آئے؟
صدر پی ٹی آئی سندھ نے کراچی کی موجودہ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بارش رحمت ہوتی ہے، بدقسمتی سے کراچی میں بارشں زحمت بن چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 80 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، معیشت تباہ کر دی گئی ہے، پنجاب کے الیکشن میں سارے چور ایک طرف تھے۔
علی زیدی نے کہا کہ 8 سال بعد بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہو رہا ہے، 24 جولائی کو باہر نکلیں اور پھر ہم آپ کی خدمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تو سندھ میں پیپلز پارٹی نے ہزار سے زائد لوگوں کو جتوا دیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا وفاقی وزیر سے مخاطب ہو کر کہنا ہے کہ امین الحق بھائی آپ کسی اور کے سامنے نہیں شیشے کے سامنے روئیں۔
علی زیدی کی جانب سے اپنی پریس کانفرنس کے دوران فنکشنل لیگ کے رہنما کیپٹن (ریٹائرڈ) نعیم کی اپنی ٹیم کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا بھی اعلان کیا گیا۔