ایک نیوز نیوز: پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی بے یقینی سے اسٹاک ایکسچینج ایک مرتبہ پھر مندی کی لپیٹ میں آگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔
کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں 709 پوائنٹس سے زائد کی کمی دیکھی گئی تاہم بعد میں مارکیٹ کچھ بہتر ہوئی۔
آخری اطلاعات تک کے ای ایس 100 انڈیکس میں 709 پوائنٹس سے زائد کی کمی سے 41 ہزار 365 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کررہا تھا۔
اسٹاک ماہرین کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کار مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ آئی ایم ایف سے قرض پروگرام پر بورڈ منظوری میں بھی دو تین ہفتوں کی تاخیر کی اطلاعات ہیں جس کا بھی منفی اثر دیکھا جارہا ہے۔