حکومت کرنے کے بجائے فوراً الیکشن کرا دینے چاہئیں تھے،مصطفیٰ نواز کھوکھر

Jul 18, 2022 | 12:18 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے ضمنی الیکشن سے واضح ہوگیا کہ اتحادی حکومت عوام کی تائید کھوچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پہلے دن سے مؤقف تھا کہ حکومت کرنے کے بجائے فوراً الیکشن کرا دینے چاہئیں، یہ بھی کہا آئی ایم ایف سے ڈیل فریش مینڈیٹ والی حکومت کو ہی کرنی چاہیے، مشکل فیصلے وہ حکومت کرے جس کے پاس 5 سال کا مینڈیٹ ہو، ہو نہیں سکتا کہ مہنگائی آسمانوں سے باتیں کرے اور عوام ہمیں پھولوں کے ہار ڈالیں۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں ابھی تک ذہنی طور پر 90 کی دہائی میں پھنسی ہوئی ہیں، ضمنی الیکشن سے واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوام کی تائید کھو چکی ہے، کل کے نتائج کے بعد سیاسی استحکام مزید کم ہوگا، حکومت کرنا مشکل ہوتا جائےگا، ملک اور معیشت کو استحکام کی ضرورت ہے جو صرف جنرل الیکشنز سے ہی ممکن ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ آبادی میں نوجوانوں کا تناسب اور کرپشن کا تدارک دور حاضرکی سیاست کے لازمی جزو ہیں، اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ بھی دور حاضرکی سیاست کے لازمی جزو ہے۔

مزیدخبریں