نیب سزا یافتہ کی نااہلی 5سال سے بڑھا کر 10سال کرنے کی اپیل:اٹارنی جنرل معاونت کیلئے طلب 

Jan 18, 2024 | 23:20 PM

ویب ڈیسک :اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کےسزا یافتہ مجرم کی نااہلی  مدت 5سال سے بڑھا کر 10سال کرنے کی نیب اپیل پراٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس  جاری  کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے نیب کیس میں سزایافتہ مجرم کی نااہلی  مدت 10سال سے کم کر کے 5 سال کرنے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف نیب کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی۔ ڈویژن بنچ نے سنگل بنچ کا نااہلی کی مدت پانچ سال مقرر کرنے کا فیصلہ معطل کر رکھا ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے فائق علی جمالی کی سزا سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا  اور بتایا کہ نیب آرڈی نینس میں سزا یافتہ شخص کی نااہلی مدت دس سال لکھی گئی اور یہ سپیشل لا ہے۔ سنگل بینچ نے نااہلی مدت دس سال سے کم کر کے پانچ سال کر دی، فیصلہ کاالعدم قرار دیا جائے۔ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی گئی جس کی  تاریخ بعد میں مقرر ہو گی۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ کے فیصلے اور نیب آرڈی نینس کی سیکشن 15 اے کو ہم کیسے چھیڑ سکتے ہیں ؟  جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا اس کیس میں عدالتی معاونین بھی مقرر کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں