ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین اورچینی ماہرین ماحولیات کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چین کے ماہرین ماحولیات سے سموگ کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا۔
چینی ماہرین کے وفد نے لاہور میں سموگ کے اسباب کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق نامیاتی،غیر نامیاتی ایندھن کا غیر ضروری استعمال،فضاء میں زیادہ نمی سموگ کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ گردوغبار اورگھروں میں جلائی جانے والی گیس بھی سموگ کے اسباب میں شامل ہے۔
انڈیا سے کول پلانٹ سے آنے والی مسموم فضاء پاکستان میں سموگ کا باعث بن رہی ہے۔ چینی ماہرین کے مطابق مختلف عناصر کا مخصوص تناسب لاہور گردونواح میں سموگ کا سبب بنتا ہے۔ کاربن ڈائی ایکسائیڈ اورنائٹروجن سمیت مختلف عناصر کے مرکب سموگ کا روپ دھارتے ہیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سموگ کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کیے اوربہترین پالیسی اپنائی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سموگ کے سدباب کیلئے جامع اورٹھوس رپورٹ چاہیے تاکہ حکومت کو آئندہ آسانی ہو۔ سکو ل بند،فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی اورٹریفک میں کمی کے باوجود سموگ کا ہونا قابل غور ہے۔ سموگ کے خاتمے کیلئے چینی ماہرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں،جامع رپورٹ کی توقع ہے۔ سموگ کے سدباب کیلئے چینی ماہرین کو ضروری ڈیٹا فراہم کریں گے۔ سموگ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بہت سے سوالات کے جواب درکار ہے۔ جاننا چاہتے ہیں کس عنصر کی وجہ سے سموگ مضر صحت شکل اختیار کرتی ہے۔
چینی قونصل جنرل نے بتایا کہ سموگ کا مسئلہ حل ہونے میں وقت لے گا، چین نے سات سال میں قابو پایا۔چینی ماہرین کی میزبانی اورخیر مقد م پر وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کے مشکور ہیں۔
چین کے ماہرین ماحولیات میں مس ہائی ہونگ ژو،ژی ژوان ژنگ اوریانگ ژی چوشامل تھے۔
صوبائی وزراء عامر میر،بلال افضل،چیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکرٹریز ماحولیات،لوکل گورنمنٹ،ٹرانسپورٹ ایگر ی کلچر،انڈسٹری،انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی،میٹرالوجی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔