نیب سزا یافتہ کی نااہلی مدت 10 سال کرنے کی نیب اپیل پر سماعت ملتوی

Jan 18, 2024 | 15:02 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نیب سزا یافتہ کی نااہلی مدت 10 سال کرنے کی نیب اپیل پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیب سزا یافتہ کی نااہلی مدت 10 سال کرنے کی نیب اپیل پر سماعت ہوئی،جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئیندہ سماعت پر اٹارنی  جنرل کو معاونت کے لیے طلب کرلیا۔آئیندہ سماعت پر فریقین سے 63 ون ایچ اور نیب سیکشن 15 اے پر دلائل طلب  کرلیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ  نے ریمارکس دیئے کہ آئیندہ سماعت پر اٹارنی جنرل پیش ہوں اور اس نکتے پر معاونت کریں،اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل آج عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل سے جواب مانگا گیا تھا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں ہیں اٹارنی جنرل؟۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ ابھی پہنچے نہیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نہیں پہنچ سکے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ آج آخری دن ہے وقت دینا مقصد ہوتا ہے انتظار کرنا مقصد نہیں ہوتا،اٹارنی جنرل و ایڈیشنل اٹارنی جنرل آئیں گے تو ٹھیک ورنہ ہم فیصلہ دے دینگے۔

نیب پراسیکیوٹر نے فائق علی جمالی کی سزا سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔نیب کیس میں سزا یافتہ کی نااہلی 10 سال ہونی چاہیے،جو سزا آرٹیکل 63 ون ایچ میں ہے وہ جنرل نیچر کی ہے جبکہ جو سزا 15 اے نیب آرڈیننس کی ہے وہ سیکشن نو کے اندر آتی ہے،نیب کیس کی 15 اے کی نا اہلی پہلے 21 سال کی تھی جسکو اسفندیار ولی کیس میں سپریم کورٹ نے کم کیا۔

عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑا اہم سوالات ہے اس پر اٹارنی جنرل سے مشاورت کر کے تیاری کر کے آئیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دونوں پارٹیز اس چیز پر ایک ریسرچ کریں۔نیب کیس میں سپریم کورٹ تک جو نا اہلی دس سال کی یے اسکو 63 ون ایچ اور 15 اے  کے تحت 5 سال کیا گیا ہے۔دونوں پارٹیز ریسرچ کریں۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ کیسے سپریم کورٹ کا دیا ہوا فل بینچ کا فیصلہ اور نیب کی قانون کی دفعہ 15 اے کو ہم چھیڑ سکتے ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ ہم عدالتی معاونین بھی مقرر کر سکتے ہیں۔

ڈویژن بنچ نے سنگل بینچ کا نااہلی پانچ سال کرنے کا فیصلہ معطل کر رکھا ہے،ڈویژن بنچ نے نیب سزا یافتہ کی نااہلی مدت دس سال بحال کر رکھی ہے،ڈویژن بنچ نے فریقین کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔سنگل بینچ نے نیب سزا یافتہ کی نااہلی مدت پانچ سال کی تھی۔نیب نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف ڈویژن بنچ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔

بعد ازاں کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔ تاریخ بعد میں مقرر ہوگی۔

مزیدخبریں