جیل ٹرائل کےخلاف عمران خان کی درخواستیں قابل سماعت ہونےپر فیصلہ محفوظ

Jan 18, 2024 | 14:32 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنسز میں جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق جیل ٹرائل کیخلاف عمران خان کی دائر درخواستوں پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اورجسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ روسٹم پر آگئے اور اپنے دلائل میں کہا کہ دو نوٹیفکیشنز ہیں جنہیں ہم نے چینلج کیا ہے، ہماری ایک درخواست پرنمبرلگا ہے دوسری پرنہیں لگا۔ ریفرنس دائرہونے سے ایک ماہ پہلے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کردیا گیا،عدالت قراردے چکی ہے جیل ٹرائل کیلئے عدالت سے آرڈرہونا چاہئیے۔ہائیکورٹ کے فیصلے میں جیل ٹرائل کے پیرا میٹرزواضح ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ نومبرکا نوٹیفکیشن ہے،اتنی دیربعد کیوں آئے ہیں ؟۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ 20 دسمبر کو ریفرنس عدالت میں دائرہوا، اس وقت ہمیں پتہ چلا، روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل چلا رہے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ڈویژن بنچ نے21 نومبرکومختصرفیصلہ دیا جہاں سائفرٹرائل کالعدم ہوا تھا ،21 نومبر 2023 کوہمارا مختصر فیصلہ آگیا تھا۔ ہم نے کہا تھا کہ جیل ٹرائل سے متعلق جج کا کوئی آرڈرنہیں تھا ،آپ یہ کہہ رہے ہیں عدالت نے کیس میں جوڈیشل آرڈرنہیں کیا؟

جواب میں لطیف کھوسہ نے کہا کہ بالکل اسی طرح ہوا ہے اورڈویژن بنچ کے مختصر فیصلے کے یہ ٹرائل شروع ہوا ، کیس کی سماعت کرنیوالے جج کی تقرری بھی قانون کے مطابق نہیں ہوئی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے تواس کا پراسس ہی دیکھنا ہے نا ٹھیک ہوا ہے یا نہیں،ہم نے یہ نہیں دیکھنا ٹرائل ادھرکریں یاجیل میں کریں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس کے بعد بھی کوئی نوٹیفکیشن ہے؟

لطیف کھوسہ نے بتایا کہ نہیں اس کے بعد کوئی نوٹیفکیشن موجود نہیں،اس کیس میں جج کی جانب سےکوئی تجویزبھی نہیں ہے،جج نے بھی نہیں کہا کہ سیکورٹی کی وجوہات پرجیل ٹرائل کریں۔میں نے جج صاحب کو کہاں بھی تھا کہ آپ کی تعیناتی ٹھیک نہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ جج تعیناتی کے لیے آپ دوسری درخواست لے آئیں فی الحال جیل ٹرائل تک ہی رہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے جج کی تعیناتی کے خلاف درخواست دی تھی؟

لطیف کھوسہ نے کہا کہ جی بالکل ہم نے جج احتساب عدالت کے سامنے انکی تعیناتی کے حوالے سے درخواست دی تھی، جو مسترد ہوئی،توشہ خانہ میں صرف عمران خان نے نہیں ساروں نے گفٹس لے لیےہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ یہ تمام تحائف ریاست کے ہیں اور یہ ریاست کو واپس ہونی چاہیے،کیا اس کیس میں سیکرٹری کابینہ ملزم ہے؟۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ سیکرٹری کابینہ کا اس پورے ریفرنس میں کہیں بھی نام نہیں ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہ اقدام اٹھائے اور ریاست کے تحائف واپس کریں،یہ کیا سیل لگی ہوئی جو 50 فیصد یا 20 فیصد ڈسکاؤنٹ پر چیزیں لے رہے ہیں،ہم نے آپکا کیس سن لیا، اس سے متعلق ہم فیصلہ کرتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے جیل ٹرائل کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزیدخبریں