صدر مملکت کا عام انتخابات کی متفقہ تاریخ کیلئے فریقین کو مذاکرات کا مشورہ

صدر مملکت کا عام انتخابات کی متفقہ تاریخ کیلئے فریقین کو مذاکرات کا مشورہ
کیپشن: The President's advice to the parties to negotiate for an agreed date for the general elections

ایک نیوز :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام انتخابات کی متفقہ تاریخ کےلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مذاکرات کا مشورہ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے صدور اور تاجروں سے ملاقات میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے سیاسی معاملات میں مداخلت سے گریز کا ارادہ قابل ستائش ہے۔ سیاسی قوتیں اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کو بحران سے نکالنے کا جمہوری راستہ نکالیں۔

صدر  مملکت کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ، حکومت اور تاجر برادری کو ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ملک میں سیاسی، معاشی اور مالی استحکام لانے کے لیے عزم کے ساتھ مسائل حل کرنا ہوں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہونا چاہیے، پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا ہے، تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے عام انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔