یوای ٹی: انڈرگریجوایٹ پروگرامز میں داخلوں کا شیڈول جاری

Jan 18, 2023 | 16:35 PM

ایک نیوز: یو ای ٹی لاہور نے انڈر گریجویٹ ای کیٹ اور نان ای کیٹ پروگرامز میں داخلوں کیلئے شیڈول جاری کر دیا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر سید منظور سرور نے انڈر گریجویٹ پروگرامز میں داخلوں کیلئے نئی داخلہ پالیسی 2023 کی منظوری دے دی۔ 

تفصیلات کے مطابق نئی پالیسی کے مطابق یو ای ٹی کا انٹری ٹیسٹ پنجاب بھر کی تمام سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں داخلہ کیلئے ضروری ہے۔ نئی داخلہ پالیسی کا اطلاق 2023 کے داخلوں کیلئے کیا جائیگا۔ 

نئی داخلہ پالیسی کے مطابق اب یو ای ٹی لاہور کا انٹری ٹیسٹ سال میں دو مرتبہ منعقد ہو گا۔ مارچ 2023میں منعقد ہونے والا انٹری ٹیسٹ پنجاب بھر کے سرکاری انجینئرنگ اداروں بشمول یو ای ٹی لاہور اور اس کے سب کیمپسز میں داخلوں کیلئے ہو گا۔ جبکہ 2023 کا دوسرا انٹری ٹیسٹ ایسے امیدواران کیلئے منعقد ہو گا جو کسی بھی وجہ سے پہلے انٹری ٹیسٹ میں شامل نہیں ہو سکے۔

نئی پالیسی کے مطابق اب طلباء فرسٹ ایئر کی بنیاد پر یو ای ٹی انٹری ٹیسٹ میں رجسٹرڈ کر سکیں گے۔ یو ای ٹی لاہور میں انڈر گریجوایٹ پروگرامز میں داخلوں کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پنجاب بھر کے سرکاری انجینئرنگ اداروں میں داخلوں کیلئے یو ای ٹی لاہور نے انٹری ٹیسٹ اور داخلے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ رواں سال یو ای ٹی کا انٹری ٹیسٹ 13 تا 17 مارچ منعقد ہو گا۔ انٹری ٹیسٹ رجسٹریشن کیلئے طلباء 1800 روپے کی ادائیگی پر ایچ بی ایل آن لائن بینکنگ کے ذریعے  ٹوکن نمبر حاصل کر سکتے ہیں۔

انٹری ٹیسٹ ٹوکن حاصل کرنے اور آن لائن رجسٹریشن کرنے کی آخری تاریخ 3 مارچ 2023 ہے جبکہ نان ای کیٹ پروگرامز میں داخلوں کیلئے 2 ہزار روپے کی ادائیگی پر 13 فروری تک ٹوکن حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انٹری ٹیسٹ نتائج کا اعلان 24 مارچ کو کیا جائے گا۔

مزیدخبریں