ایک نیوز: نواز شریف سے عام انتخابات اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر ہدایات لینے راناثناءاللہ لندن روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ راناثناءاللہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن روانہ ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وہ نواز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور ہدایات لیں گے۔
ملاقات کے دوران موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ راناثناءاللہ ملاقات کے دوران نواز شریف کو اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر بریفنگ دیں گے۔
دوسری جانب لندن مسلم لیگ ن کی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق کی لندن میں نوازشریف سے طویل ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سینئر نائب صدر مریم نواز بھی موجود تھیں۔
نواز شریف نے ایاز صادق سے ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور مشاورت کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن پنجاب کی تنظیم نو سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف موجودہ پارٹی ڈھانچے سے مکمل طور غیر مطمئن ہیں۔ نواز شریف نے ایاز صادق کو مریم نواز کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ہدایت کردی۔ ایاز صادق نے مختلف پارلیمانی اور سیاسی امور پر اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر بھی اعتماد میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو بھی لندن طلب کیا ہے۔ جن سے وہ مرحلہ وار ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری جانب نواز شریف نے پارٹی قیادت کو پنجاب میں انتخابات کی بھرپور تیاری کی ہدایت کردی ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ جلد تشکیل دیدیا جائے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ نون پنجاب کا پارلیمانی بورڈ آئندہ دو سے تین روز میں تشکیل دے دیا جائے گا۔ پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کے بعد ٹکٹوں کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی حتمی منظوری صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اور قائد نواز شریف دیں گے۔ ٹکٹوں کے لیے تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ناموں پر بھی غور کیا جائے گا۔