ویمنز آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق11.67 کروڑ ڈالرز میں فروخت

ipl 2023 women auctioned media rights
کیپشن: ipl 2023 women auctioned media rights
سورس: google

 ایک نیوز : انڈین کرکٹ بورڈ کے مطابق ویمنز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میڈیا حقوق آئندہ پانچ سیزنز کے لیے 11 کروڑ 67 لاکھ ڈالرز میں وایا کوم 18 سپورٹس چینل کو فروخت کر دیے گئے ہیں۔

گذشتہ سال مردوں کی آئی پی ایل کے پانچ سیزنز کے نشریاتی حقوق چھ ارب 20 کروڑ ڈالرز میں فروخت کیے گئے تھے۔ دیوقامت میڈیا ادارے وایا کوم نے ہی یہ حقوق خریدے تھے۔

مہنگا ٹی 20 ٹورنامنٹ پہلی بار اس سال مردوں کے ایڈیشن میں خواتین کے ایونٹ کو شامل کرنے کے لیے تیار ہے۔ خواتین کی آئی پی ایل مارچ میں منعقد کرائی جاتی ہے۔

وایا کوم 18 انڈیا کی ارب پتی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کے نیٹ ورک 18 میڈیا گروپ اور امریکی گروپ پیراماؤنٹ گلوبل کا مشترکہ منصوبہ ہے جس نے خواتین کے ایڈیشن کے 2023 سے 2027 تک نشریاتی حقوق حاصل کیے ہیں۔

انڈیا میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے اس معاہدے کو سراہا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ خواتین کی کرکٹ کے لیے بہت بڑی بات ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈیا میں خواتین کی کرکٹ کو بااختیار بنانے کے لیے یہ ایک بڑا اور فیصلہ کن قدم ہے جو ہر عمر کی خواتین کی شرکت کو یقینی بنائے گا۔ یہ واقعی ایک نئی صبح ہے۔‘

گذشتہ جون میں وایا کوم 18 نے مردوں کی آئی پی ایل  کے اگلے پانچ سیزن کے لیے سٹریمنگ حقوق 3.04 ارب ڈالر میں خریدے تھے۔

بڑی امریکی کمپنی ڈزنی کی ملکیت سٹار ٹی وی نے 3.01 ارب ڈالر میں آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق حاصل کیے۔