جماعت اسلامی کیساتھ ملکر بلدیاتی سیٹ اپ بنانے کو تیار ہیں، سعید غنی

جماعت اسلامی کیساتھ ملکر بلدیاتی سیٹ اپ بنانے کو تیار ہیں، سعید غنی
کیپشن: Saeed Ghani is ready to create joint municipal setup with Jamaat-e-Islami(file photo)

ایک نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کو بڑی پیشکش کرتے ہوئے کراچی کے بلدیاتی سیٹ اپ میں شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ میئر کراچی پاکستان پیپلز پارٹی کا ہو۔ حافظ نعیم الرحمان خود میئر بننا چاہتے ہیں۔ جب بیٹھیں گے تو ہوسکتا ہے ہم ان کو یا وہ ہمیں قائل کرلیں۔ رشتہ بھیجیں گے تو ہی ہاں یا نہ ہوگی، نہیں بھیجیں گے تو کیسے بات بنے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ نفرت بدتمیزی کی سیاست ختم کرنا پی پی، جماعت اسلامی دونوں کی ذمہ داری ہے۔ جماعت اسلامی کچھ ایشوز کو بنیاد بنا کر ماحول خراب نہ کرے۔ 

انہوں نے جماعت اسلامی کو بڑی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ان کیساتھ ملکر بلدیاتی سیٹ اپ بنانے کو تیار ہیں۔ جماعت اسلامی کو ہم نے بلدیاتی الیکشن نتائج پر مبارکباد دی۔ ہمیں مبارکباد نہیں دیتے تو کم از کم تسلیم کرلیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کراچی میں اپنے علاقوں سے ہی جیتی جہاں اثرورسوخ تھا۔ حیرت کی یہ بات ہے کہ جماعت اسلامی نے اتنی سیٹیں جیتیں۔ حافظ نعیم صاحب سے کہتا ہوں کہ جمہوری رویہ اپنائیں۔ آپ نے اتنی سیٹیں جیتی ہیں، اپنے کارکنوں کو انجوائے کرنے دیں۔  

ملکی مجموعی سیاست پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرح دوسری جماعتوں کو بھی فیصلوں کا حق ہے۔ استعفوں پر اطمینان کے بعد انہیں منظور کرنا سپیکر کا استحقاق ہے۔ سپیکر نے استعفے منظور کرنے میں وقت لگایا۔ پی ٹی آئی والے بضد تھے کہ استعفے منظور کیے جائیں۔