لاہور: بیشتر سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر لیب ناکارہ ہونے کا انکشاف

Jan 18, 2023 | 12:22 PM

عمران لطیف: شہرکے اکثر سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر ٹیچرزاور لیب اپ گریڈ نہ ہونےسے آئی ٹی کاحصول مشکل ہوگیا۔ سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر لیب اپ گریڈ نہ ہونے کے باعث طلبا پریکٹیکل ورک کے لیے نجی اکیڈمیوں کے رحم وکرم پر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 2009 میں پنجاب کے سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ اساتذہ نے انکشاف کیا ہے کہ کروڑوں روپے کی مالیت سے بننے والے لیب کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور سوفٹ وئیراپ ڈیٹ نہ ہونے سے چالیس فیصد لیبس ناکارہ ہوچکی ہیں۔ کمپیوٹر نیٹ ورک  کو چلانے والی ڈیسک مشین ورچوئلائزیشن این ڈیوائس مارکیٹ میں دستیاب ہی نہیں۔

دوسری جانب طلباء کا کہنا ہے کہ سکول میں کمپیوٹرز کی شارٹیج کے باعث اپنی باری کا انتظار کرناپڑتاہے۔ اکثروبیشتر سکولوں میں سسٹم مکمل فعال اپ گریڈ نہ ہونے کے باعث بھی عملی کام نہیں کرپاتے۔

کمپیوٹر ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف شہزاد کا کہنا ہے کہ 2009 میں شروع ہونے والے آئی ٹی لیبز منصوبے کو اپ گریڈ ہی نہیں کیاگیا۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نصاب تواپ گریڈ کررہا ہے لیکن دور جدید کے مطابق آئی ٹی لیب اپڈیٹ نہیں کی جارہی۔ 

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔ اس لیے مرحلہ وار سکول لیبز اپ گریڈ کی جائیں گی۔ 

مزیدخبریں