ایک نیوز: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹیکسی کرایوں کی قیمت میں بھی کمی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کی قیمت کم ہوتے ہی دبئی نے فوری طور پر ٹیکسی کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ شہر میں ٹیکسی کا کم از کم کرایہ 22 فلس تک کم کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد فی کلومیٹر قیمت 2.19 درہم سے کم ہوکر 1.97 درہم تک آگئی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آرٹی اے) کے ڈائریکٹر برائے پلاننگ اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ عدیل شکری کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی کی وجہ پیٹرول کی قیمت میں کمی ہے اور صارفین کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ کرایوں میں کمی کا اطلاق تمام اقسام کی ٹیکسی سروس پر ہوگا، جس میں لیموزین بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ یواےای نے جنوری 2023 کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کررکھا ہے۔ جس میں سپر98 کی فی لیٹر قیمت میں 15.7 فیصد کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد نئی قیمت 2.78 درہم فی لیٹر ہوگئی ہے۔
سپر 95 پیٹرول کی قیمت میں 16 فیصد کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد نئی قیمت 2.67 درہم فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ای پلس پیٹرول کی قیمت میں 16.7 فیصد کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد نئی قیمت 2.59 درہم فی لیٹر ہوگئی ہے۔ اس طرح گزشتہ 4 ماہ کے دوران دبئی میں دوسری مرتبہ ٹیکسی کا کرایہ کم کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شارجہ اور عجمان نے بھی شہریوں کیلیے ٹیکسی کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔