ایک نیوز: سابق کرکٹر اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کپتانی پر فوکس کرنے کی بجائے دوسرے معاملات دیکھے جو زیادہ اہم ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق عاقب جاوید نے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کپتانی چھوڑ کر دوسرے معاملات کو دیکھنا ہو گا۔ کپتانی کے حوالے سے اچانک شور مچانا پتا نہیں کیوں شروع کیاگیا ہے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ میں کچھ لابیز ایسی ہیں جو اپنی خواہشات کی وجہ سے کپتانی کے حوالے سے بات کر رہی ہیں لیکن یہ وقت کپتانی کے معاملات دیکھنے کانہیں ہے کیونکہ بورڈ نے پہلے ہی نائب کپتان کا تقرر کر کےغلط فیصلہ کیا تھا۔ شان مسعود کو پہلے دو ون ڈے میچز میں کپتان اور کوچ نے کھلایا ہی نہیں اس لیے پاکستان بورڈ کو اب جلد بازی میں نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کپتانی کے علاوہ بے شمار ضروری چیزیں ہیں جس پر بورڈ کو توجہ دینی چاہیے ہے۔ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی جیسے معاملات اس وقت بہت زیادہ اہم ہیں اس لیے کرکٹ بورڈکپتانی کی بجائے اہم معاملات پر فوکس کریں۔
عاقب جاوید نے پی ایس ایل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا لاہور قلندرز کے مقامی کھلاڑیوں کا کیمپ 4 فروری سے شروع ہوگا۔ لاہور قلندرز کی انتظامیہ پی ایس ایل 8 کے لیے پرجوش ہے، ہمارے لیے پہلے چار ایڈیشنز مشکل تھے لیکن وہ مشکل ختم ہو چکی ہے۔ہماری کمی کپتان کی تھی جو شاہین آفریدی نے پوری کردی ہے اس وقت ٹیم کمبی نیشن کے لیے لاہور قلندرز کے پاس جتنے آپشنز ہیں کسی اور کے پاس نہیں ہیں۔