جرمنی: احتجاج کرنے پر ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ گرفتار،چند گھنٹوں بعد رہا

Jan 18, 2023 | 09:12 AM

ایک نیوز: جرمنی میں بین الاقوامی شہرت یافتہ موحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ کو احتجاج کرنے پر گرفتار کر لیا گیا، چند گھنٹے بعد پولیس نے انہیں شناخت کرنے کے بعد رہا کردیا۔

مغربی جرمنی کی ریاست ناردرائن ویسٹا فیلیا میں کوئلے کی کان کے مالکان اور حکومت کے درمیان کوئلے کی پیداوار اور ترسیل کو بڑھانے کیلئے کان کی توسیع کا معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت لزرتھ سمیت پانچ دیہات کو مکمل طور پر مسمار کیا جانا تھا۔

ماحولیاتی کارکنان پانچوں دیہات کو بچانے کیلئے کان کے توسیعی منصوبے میں آنے والے دیہاتوں کے مکانوں میں ٹھہر کر احتجاج کر رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ جرمنی کو کوئلے کی پیداوار مزید بڑھانے کے بجائے رینیوایبل انرجی کی طرف منتقل ہونا چاہیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے کی گئی کارروائی کے بعد کچھ مظاہرین نے کان کے دہانے کی طرف مارچ شروع کیا، ہم نے مظاہرین کو کان کے خطرناک کنارے تک جانے سے رک جانے اور اپنی شناخت کروانے کا کہا تاہم مظاہرین نے کان کے خطرناک دہانے کیلئے پیش قدمی جاری رکھی جس پر پولیس نے زبردستی مظاہرین کو روکا اور انہیں اپنی حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق دیگر مظاہرین کے ساتھ گریٹا تھنبرگ کو بھی حراست میں لیا گیا تھا اور تین افسران نے انہیں کان کے دہانے سے دور لے جاکر پولیس وین میں بٹھادیا تھا۔

گرفتاری سے قبل احتجاجی مظاہروں کے دوران ہفتے کے روز گریٹا تھنبرگ نے تقریباً 6 ہزار مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے کوئلے کی کان کے توسیعی منصوبے کو حالیہ اور مستقبل کی نسلوں سے بیوفائی قرار دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ جرمنی دنیا میں آلودگی پھلانے والا درجہ اول کا ملک ہے اور اس معاملے میں اس کا احتساب ہونا چاہئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کان کے خطرناک دہانے سے دور ہٹانے اور شناخت کے بعد گریٹا تھنبرگ سمیت دیگر مظاہرین کو رہا کر دیا گیا تھا۔ 

مزیدخبریں