ایک نیوز:ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بھلوال شہر اورگرد و نواح میں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواوں سے موسم نے ایک بار پھر کروٹ لے لی جبکہ بٹگرام میں بھی رات بھر سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔چکوال شہر اور گردونواح میں بھی بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوگیاجس سے شہر بھر سے بجلی غائب ہوگئی۔فتح جنگ وگردونواح میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔
جبکہ نیلم ویلی میںگزشتہ رات سے بارش اور مسلسل برف باری کا سلسلہ جاری ہے ، بالائی علاقوںمیں برف جبکہ زیریں وادی میں بارش جاری ہے ۔ بلند وبالا پہاڑ برف سے ڈھک گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا 21فروری تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔دوسری جانب گلیات میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا، نتھایاگلی ایوبیہ چھانگلہ گلی خانسپور میں صبح سے برفباری کا سلسلہ شروع ہے ،گلیات برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے ، خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ،چترال، دیر ،سوات، ایبٹ آباد ،ہری پور ،کوہستان، کرک، خیبر پشاور ،مردان اور کوہاٹ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے ۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور موسلا دھار بارش متوقع ہے ،مری اور گلیات میں آندھی کے ساتھ تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ،کوئٹہ قلات زیارت چمن پشین شیرانی بارکھان اور قلعہ سیف اللہ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے سے موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔