ایک نیوز:بھارت میں کسانوں کا دہلی چلو مارچ پانچویں دن بھی جاری ہے ،دہلی چلو مارچ کے پانچویں دن بھارتی کسان یونین نے بی جے پی رہنماؤں کے گھروں کے باہر احتجاج کا منصوبہ بنا لیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کسان یونین (ایکتا اوگرہن) پنجاب میں بی جے پی کے تین سینئر رہنماؤں کی رہائش گاہوں کے باہر احتجاج کرے گی ،بھارتی کسان یونین پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ، بی جے پی کی پنجاب یونٹ کے سربراہ سنیل جاکھڑ اور سینئر لیڈر کیول سنگھ ڈھلوں کے گھروں کے باہر دھرنے دینے کیلئے تیار ہے ۔
یونین بھارت کے سینکڑوں ٹول پلازوں پر احتجاج بھی کرے گی، جس میں کسانوں کی "دہلی چلو مارچ" کیساتھ اپنی حمایت کا اعلان کرے گی ،دہلی چلو مارچ کے ساتھ یکجہتی کے لیے آج گرونام سنگھ چارونی کی زیر قیادت بھارتیہ کسان یونین ٹریکٹر ریلی نکالے گی منگل کو نکلنے والی دہلی چلو مارچ کو شمبھو اور خانوری کے سرحدی علاقوں میں مودی کے سیکورٹی اہلکاروں نے آچ پانچویں دن بھی روکا ہوا ہے ۔
بھارتی کسانوں کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کے باوجود کسان اپنے حق کے لیے ڈٹے رہیں گے۔