ایک نیوز : ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کاکہنا تھا کہ درپیش چیلنجز سے کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں نمٹ سکتی۔ تمام سیاسی جماعتیں وسیع تر قومی اتفاق رائے قائم کریں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سےرہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین موجود تھے۔ موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں مملکت خداداد کو بحرانوں سے مستقل بنیادوں پر نجات دلائیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی چیلنجز اتحاد و اتفاق کا تقاضہ کرتے ہیں، یہ سیاست کا نہیں بلکہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے مشترکہ کوششوں کا وقت ہے، پاکستان کا استحکام، اس وقت سب سے اہم چیز ہے۔