ایک نیوز:آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گزشتہ روز دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کراچی پولیس آفس (کے پی او) کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کے پی او کے دورے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور کور کمانڈر کراچی بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔پولیس آفس حملے سے متعلق کور ہیڈکوارٹرز میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور وزیراعلیٰ سندھ نے حملے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں ہوتا۔ گمراہ کن تصورکو لالچ اور دباؤ سے مسلط کیا جاتا ہے۔ انسداد دہشت گردی کے لیے اعتماد اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔پاکستانیوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مسترد کیا اور شکست دی۔ ہم مل کر خوشحال مستقبل کےلیے اس خطرے پر غالب آئیں گے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا سکیورٹی فورسز کی توجہ انسداددہشتگردی اورانٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پر ہے۔ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پورے ملک میں کامیابی سے کیےجا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار اور ایک سویلین بھی شہید ہوا تھا۔