یورپی جیک پاٹ، اطالوی گروپ نے 371 ملین یورو جیت لئے

Feb 18, 2023 | 20:57 PM

ایک نیوز:اٹلی میں لاٹری میں حصہ لینے اور مل کر شرطیں لگانے والے ایک گروپ نے371ملین یورو کا یورپی تاریخ کا سب سے بڑا جیک پاٹ جیت لیا ہے۔

اطالوی لاٹری کے لیے نمبر جمعرات کی شام نکالے گئے۔ 'سُوپےرینا لاٹو‘ کہلانے والی یہ لاٹری یورپی تاریخ کا سب سے بڑا جیک پاٹ ثابت ہوئی۔

کسی بھی لاٹری میں جیک پاٹ اس مجموعی رقم کو کہتے ہیں جو کسی ڈرا کے نتیجے میں کسی بھی شرکت کنندہ کے فاتح نہ بننے کی صورت میں ہر بار بڑھتی ہی جاتی ہے۔

یہاں تک کہ بالآخر کوئی نہ کوئی یہ لاٹری جیت جاتا ہے۔

اطالوی دارالحکومت روم سے جمعے کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ Superenalotto ایک ایسے نجی سنڈیکیٹ نے جیتی، جس کے ارکان کی تعداد 90 ہے۔ اس گروپ کے ارکان نے مختلف اعداد کی پیش گوئی کرتے ہوئے کئی انٹریز جمع کرائی تھیں۔ ان میں سے ایک انٹری ایسی بھی تھی، جس پر لکھے گئے تمام نمبر وہی تھے، جو بعد میں لاٹری میں نکل بھی آئے۔

یوں اس گروپ نے مشترکہ طور پر 371 ملین یورو جیتے، جو 395 ملین امریکی ڈالر کے برابر بنتے ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ اس گروپ کے ارکان نے اس لاٹری میں حصہ لیتے ہوئے پانچ یورو فی کس خرچ کیے تھے۔ اب جیک پاٹ کی جیتی گئی رقم سے ان تمام 90 افراد میں سے ہر ایک کو چار ملین یورو سے زائد ملیں گے۔

مزیدخبریں