پی ایس ایل 8،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو6رنز سے ہرادیا

پی ایس ایل 8،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو6رنز سے ہرادیا
کیپشن: PSL 8, Quetta Gladiators beat Karachi Kings by 6 runs

ایک نیوز : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے شکست دے دی۔

نیشنل سٹیڈیم میں جاری میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کا فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، عماد وسیم کی شاندار باؤلنگ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹرز کو رنز بنانے سے روکے رکھا، پریشر کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ایک کے بعد ایک وکٹ گنواتی رہی۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو مارٹن گپٹل کی شاندار بیٹنگ نے سہارا دیا، گپٹل نے وکٹ بچانے کے ساتھ ساتھ جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز کی اننگز کھیلی، گپٹل کے بعد افتخار احمد 27 گیندوں پر 32 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی باقی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی 5 رنز سے زیادہ سکور نہ کر سکا، کپتان سرفراز احمد 5، عمر اکمل 4 اور محمد نواز 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیسن روئے اور عبداللہ بنگلزئی  بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم اور عامر یامین 3، 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ محمد عامر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 کراچی کنگز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 162 رنز ہی بنا سکی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 رنز سے میچ جیت لیا۔

خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پی ایس ایل 8 کا اپنا دوسرا میچ کھیل رہی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم بھی ایونٹ کے اپنے پہلے دونوں میچز ہار چکی ہے، کراچی کنگز کو پہلے میچ میں پشاور زلمی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔