نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ

Feb 18, 2023 | 13:24 PM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سیف سٹیز اتھارٹی کے ایک ارب 42کروڑ روپے کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور میں 500 نئے مقامات پر کیمروں کی تنصیب کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے پولیس کمیونیکشن آفیسر کے سروس سٹرکچر اور پے پیکج پر بھی غور کیا گیا۔ 

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی مانیٹرنگ کیلئے راولپنڈی اور ملتان کے کیمروں کو سیف سٹی لاہور سے منسلک کیا گیا ہے۔ 550 خصوصی کیمروں سے پی ایس ایل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ پی ایس ایل میچوں کیلئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ پی ایس ایل کے پرامن اور بہترین ماحول میں انعقاد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ 

نگران وزیراعلیٰ نے انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے بہترین ٹریفک پلان دینے کی ہدایت کردی۔ اس کے علاوہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی بحالی کیلئے تیز تر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ 

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سے متعلق دیگر امور کی منظوری بھی دی۔ ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کامران خان نے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ 

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، سی سی پی او، سیکرٹری فنانس، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزیدخبریں