ایک نیوز: بنکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کی عدالت میں زیر سماعت فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت ایف آئی اے میں درج مقدمہ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔ عمران خان کے وکلاء ہائیکورٹ کے حکمنامے کی کاپی جمع کرانے بینکنگ کورٹ پہنچ گئے، بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کیس کی سماعت کریں گی۔
ہائیکورٹ نے بینکنگ کورٹ کو عمران خان کی ضمانت پر فیصلے سے روک رکھا ہے، بینکنگ کورٹ نے ہائیکورٹ کے آرڈر کی کاپی آج تک جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکمنامے کے مطابق عمران خان کو آئندہ سماعت پر اپنی تازہ میڈیکل رپورٹ پیش کرنا ہو گی، بینکنگ کورٹ دیگر شریک ملزمان کی درخواستوں پر کارروائی جاری رکھے۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے وکیل نے جو نکات اٹھائے وہ توجہ طلب ہیں، وکیل نے بتایا بینکنگ کورٹ نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی، وکیل کے مطابق بینکنگ کورٹ کو یقین دہانی بھی کرائی گئی آئندہ سماعت پر عمران خان پیش ہوں گے۔وکیل کی جانب سے بتایا گیا کہ طبی بنیادوں پر عمران خان نے ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست کی تھی۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت کیس کی سماعت 25فروری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ 15 فروری کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بینکنگ کورٹ کو 22 فروری تک عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلے سے روک دیا تھا۔