ایک نیوز ( سدھیر چودھری): پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیساتھ ساتھ گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کی مشہور کمپنی ٹویوٹا نے گاڑی کی قیمت میں دو لاکھ سے پونے نو لاکھ اضافہ کر دیا ہے ٹیوٹا کیساتھ ساتھ دیگر کمپنیوں نے بھی چند روز میں گاڑی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا ہے۔اضافے کے بعد 1300 سی سی گاڑی کی قیمت 50 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ 1500 سی سی گاڑی کی قیمت 51 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ 1600 سی سی گاڑی 66 لاکھ روپے اور 1800 سی سی گاڑی 69 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ فورچونر 1کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ گاڑیوں کے معروف برینڈ ہُنڈا اٹلس نے اپنے ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔ہنڈا سٹی 1.2 ایل ایم ٹی کی قیمت میں تین لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا تھاجس کے بعد اس کی قیمت 37 لاکھ 76 ہزار سے بڑھ کر 40 لاکھ 69 ہزار ہو گئی تھی۔ہنڈا سٹی سی وی ٹی 1.2 ایل کی قیمت میں بھی تین لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اور اس کی نئی قیمت 41 لاکھ 99 ہزار ہو گئی تھی۔سٹی سی وی ٹی 1.5 ایل کی قیمت میں تین لاکھ 10 ہزار روپے کا اضافہ ہونے کے بعد اس کی نئی قیمت 41 لاکھ 39 ہزار سے بڑھ سے 44 لاکھ 49 ہزار پر پہنچ گئی تھی۔
ہنڈا کے برینڈ ایسپائر ایم ٹی 1.5 ایل کی قیمت بھی تین لاکھ 30 ہزار روپے بڑھنے کے بعد 46 لاکھ 29 ہزار ہ ہوگئی تھی جبکہ سٹی ایسپائر سی وی ٹی 1.5 ایل کی قیمت 3 لاکھ 20 ہزار کے اضافے کے بعد 47 لاکھ 99 ہزار پر جا پہنچی تھی۔
اسی طرح بی آر وی سی وی ٹی ایس کار میں تین لاکھ 60 ہزار کا اضافہ دیکھنے میں آیا تھاجس کے بعد اس کی قیمت تقریباً 53 لاکھ روپے ہو گئی تھی۔