ایس ایس یو یونٹ کراچی پولیس آفس پر حملے کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی

ایس ایس یو یونٹ کراچی پولیس آفس پر حملے کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی
کیپشن: The SSU unit issued a preliminary report of the attack on the Karachi Police Office(file photo)

ایک نیوز: کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی ایس ایس یو یونٹ نے ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام دہشت گرد مارے گئے، ایس ایس یو سواٹ ٹیم نے فوری رسپانس کیا۔

رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس یو سواٹ ٹیم کے کمانڈوز ڈی ایس پی حاجی عبد الرزاق کی سربراہی میں فوری طور پر مو قع پر پہنچ گئے۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن  ڈاکٹر مقصود احمد بھی واقع کی اطلاع ملتے ہی کراچی پولیس آفس پہنچے اور ازخود آپریشن کی قیادت کی جبکہ ایس پی ایس ایس یو اظہر خان نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔

ایس ایس یو کمانڈوز، رینجرز اور پاک فوج کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور مشترکہ آپریشن کے نتیجے میں مرحلہ وار پولیس آفس کی بلڈنگ کلیئر کردی گئی۔ 

آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشتگردوں کو واصل جہنم کر دیا گیا۔ ہلاک دہشتگرد خود کش جیکٹیں پہنے ہوئے تھے۔ جنہوں نے جدید اسلحہ کے ساتھ ہینڈ گرنیڈ کا بھی استعمال کیا۔ 

آپریشن کے دوران مجموعی طور پر چار افراد شہید ہوئے جن میں ایک رینجرز کے سب انسپکٹر، ایک پولیس اہلکار، لفٹ آپریٹر اور سویپر شامل ہیں۔

 ڈی ایس پی سواٹ ایس ایس یو حاجی عبد الرزاق اور ایس ایس یو کمانڈو رضوان سمیت 19 پولیس اور رینجرز اہلکار زخمی ہوئے۔

ترجمان ایس ایس یو یونٹ کے بیان کے مطابق اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کا کہنا تھا کہ آج ایس ایس یو کمانڈوز، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں نے ایک بار پھر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس بالخصوص ایس ایس یو کمانڈوز کسی بھی ناممکنہ صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

شہداء:

1اجمل مسیح (سینیٹری ورکر)

2. غلام عباس (کانسٹیبل)

3. تیمور (رینجرز)

4. سعید (PC-لفٹ آپریٹر)

زخمی:

1.  ساجد (ایدھی رضاکار)

2. عبدالرحیم (رینجرز)

3۔ لطیف (کانسٹیبل)

4. عمران (رینجرز)

5. طاہر (رینجرز)

6. اے بی خالق (انسپکٹر پولیس)

7. عمیر (رینجرز)

8. عبداللطیف (رینجرز)

9. رضوان (PC-SSU)

10. الطاف (رینجرز)

11. حاجی عبدالزاق (DSP-SSU)

12. ضراب(HC)

13. تیمور (کانسٹیبل)

14. غلام حسین (ایس ایچ او ماڑی پور)

15. ثمر (رینجرز)

16. نعمان (کانسٹیبل)

17. جواد (رینجرز ایل ٹی/کرنل)

18. اصغر علی (رینجرز)

19. عمیر (رینجرز)

کراچی پولیس چیف کی میڈیا کو بریفنگ:

دوسری جانب کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کراچی پولیس آفس میں میڈیا کو بریفنگ دی ہے۔ انہوں ںے بتایا ہے کہ گیارہ پولیس کے جوان زخمی ہیں، سات سے آٹھ رینجرز جوان زخمی ہیں۔ ان میں سے کچھ جوانوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو اس دھماکے کے سہولتکار ہیں۔ یہ براہ راست ملوث ہیں۔ ان سب کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ شہداء کے لواحقین کیساتھ صرف پولیس نہیں کراچی بھر کے عوام ہیں۔ دہشت گردی کی اطلاعات ضرور تھی مگر مخصوص کوئی تھریڈ نہیں تھا۔