شبِ معراج آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

Feb 18, 2023 | 10:59 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نوری محفل پہ چادر تنی نور کی، نور پھیلا ہوا آج کی رات ہے، 27 رجب کی رات مسلمانوں کیلئے اس لئے اہمیت کی حامل ہے کہ اس رات نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺنے معراج کا سفر کیا۔

تفصیلات کے مطابق  ملک بھر میں شب معراج آج شب ِہفتہ 18 فروری کو انتہائی عقیدت اور احترام سے منائی جائے گی، اس موقع پر خصوصی محافل میں واقعہ معراج کی فضیلت بیان کی جائے گی۔ شب معراج کی رات امت مسلمہ کے لئے برکتوں کی رات ہے، سرکار دوعالم ﷺ اس مقدس سفر کے دوران مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی اقتداء میں نماز ادا کی۔

 27رجب کی شب حضرت محمدﷺکو معراج کا شرف عطا کیا گیا، جب حضرت جبرائیل براق لے کر نبی آخرالزماں کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی اے اللہ کے رسولﷺ ، آپ کا رب آپ سے ملاقات چاہتا ہے، حضواکرم ﷺبراق پر سوار ہوئے۔

 اس مقدس سفر کے دوران آپﷺ مکہ سے مسجد اقصیٰ گئے اور وہاں تمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی۔ پھر آپ ﷺکو آسمانوں میں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرانے کے لئے لے جایا گیا، وہاں رسول اکرمﷺ کو جنت اور دوزخ بھی دکھائی گئی۔ آپﷺ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی کرائی گئی، اسی سفر میں نماز بھی فرض ہوئی ۔

 شب معراج کے موقع پر ملک بھر میں مساجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے،آج رات مساجد میں خصوصی محافل اور عبادات کااہتمام کیا جاتا ہے، لوگ نوافل ادا کرتے ہیں اور دعائیں مانگتے ہیں، علمائے کرام واقعہ معراج اور اس کی فضلیت پر روشنی ڈالتے ہیں۔

مزیدخبریں