ایک نیوز: پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں تین نام ایسے سامنے آئے جن کےسوشل میڈیا پر چرچے ہیں جن میں پشاور زلمی کے صائم ایوب، محمد حارث اور ملتان سلطانز کے احسان اللہ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دی۔ پشاور زلمی کو اچھا آغاز دینے والے محمد حارث نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ وہ فاسٹ بولر احسان اللہ کی زیادہ گیندوں کا سامنا نہیں کرسکے۔
پریس کانفرنس کے دوران حارث سے جب احسان کے متعلق سوال کیا گیا تو حارث کا کہنا تھا کہ 'جس طرح بلے پر میری گیند آرہی تھی، شکر ہے احسان اللہ بچ گیا'۔'یہ احسان اللہ کی خوش قسمتی تھی، اسے میں بہت اچھی طرح سے سمجھتا ہوں۔ کے پی کے میں ہم ساتھ کھیلتے تھے، مجھے اس کا پتا ہے کہ وہ کب کون سی گیند کرے گا'۔ 'اتنا تو مجھے پتا ہے، میں احسان اللہ کے لیے پلان کرکے آیا تھا لیکن بدقسمتی سے میں اس کی صرف دو گیندیں کھیل سکا'۔
محمد حارث نے کامران اکمل کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اسپنرز کے خلاف کھیلنے میں مدد کی ہے۔ حارث کا کہنا تھا کہ 'کامران بھائی نے میرے ساتھ کام کیا ہے اور اسپنرز کا سامنا کرنے میں مدد کی ہے، انہوں نے مجھے تین چار شاٹس سکھائے ہیں، ساتھ ہی یہ بھی سکھایا ہے کہ اسپنرز کے خلاف اپنے پیروں کو کس طرح استعمال کرنا ہے'۔ 'میں نے خوشدل کے خلاف جو چھکا مارا، اس کا کریڈٹ کامی بھائی کو جاتا ہے، مجھے اب بھی مزید بہتری کی ضرورت ہے'۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب کھیلے جانے والے میچ میں محمد حارث نے 23 گیندوں پر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ احسان اللہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔